نئی دہلی//کانگریس نے کہا ہے کہ حکومت نے مہاجر مزدوروں کو گھر واپس لوٹنے کا جو حکم جاری کیا ہے وہ اندھیرے میں تیر چلانے جیسا ہے ،جس میں حکومت کو نہیں معلوم کہ کتنے لوگ اپنے گھروں کو لوٹنا چاہتے ہیں۔ اور ان کی واپسی کے لئے کتنی گاڑیاں درکار ہوں گی۔کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے جمعہ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ لاک ڈاؤن کے تقریباً 40 دن بعد حکومت نے مہاجر مزدوروں کو گھرواپس لانے کا فیصلہ کیا لیکن وہ بھی آدھا ادھورا اور اس میں مزدوروں کے گھر واپس آنے کا کوئی پختہ انتظام نہیں ہے ۔ حکومت نہیں جانتی کہ کہاں اورکتنے مزدور پھنسے ہوئے ہیں اور کتنے گھر واپس جانا چاہتے ہیں ، ان کے لئے کوئی نظام سیاسی طورپر نہیں بنایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 40 سے 45 لاکھ تارکین وطن مزدور اکیلے بہار اور اتر پردیش سے تمل ناڈو ، تلنگانہ ، مہاراشٹرا جیسی ریاستوں میں ہیں۔ راجستھان کا کہنا ہے کہ وہں ڈھائی لاکھ مزدور ہیں۔ اسی طرح پنجاب میں چار لاکھ ، اڈیشہ میں سات لاکھ اور آسام کے ڈیڑھ لاکھ تارکین وطن مزدور پھنسے ہوئے ہیں۔