عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈائریکٹر زراعت کشمیر سرتاج احمد شاہ نے منگل کو ضلع سرینگر میں کلیدی زرعی سکیموں کے اخراجات اور عمل درآمد کی صورتحال بشمول جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (HADP)، Capexاور مرکزی اسپانسرڈ سکیموں (CSS)کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر نے مختلف سکیموں کے تحت مالی اور جسمانی پیش رفت، موصول ہونے والی درخواستوں، منظور شدہ اور ان پر عملدرآمد کے بارے میں تفصیلی اپ ڈیٹس طلب کیں۔انہوں نے اب تک ریکارڈ کی گئی کامیابیوں، دکش کسان پروگرام کے تحت ہونے والی پیش رفت، یونٹس کا قیام اور کریڈٹ لنکیج کی رفتار کا جائزہ لیا۔ افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اخراجات میں تیزی لائیں، طریقہ کار میں تاخیر سے گریز کریں اور مقررہ اہداف کو پورا کرنے کیلئے فنڈز کے بروقت استعمال کو یقینی بنائیں۔ڈائریکٹر نے محکمہ زراعت، کسانوں اور مالیاتی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے پر زور دیا تاکہ اسکیموں کے زمینی فوائد کو یقینی بنایا جا سکے۔