بیت المقدس// فلسطینی حکومت اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ دائر کرے گی اور اس سلسلے میں جنگی جرائم کی عالمی عدالت آئی سی سی سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جنگ بندی کی منظوری کے باوجود اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز (جمعے کو) مسجدِ اقصیٰ سے ملحقہ صحن میں دوبارہ کارروائی کی ہے۔خیال رہے مسجدِ اقصیٰ میں ہزاروں نمازی جمعے کی نماز کے بعد جنگ بندی پر خوشی منا رہے تھے کہ اسرائیلی اہلکاروں نے فلسطینیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیاں فائر کیں۔بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی اہلکاروں نے صحافیوں پر بھی تشدد کیا ہے جبکہ اسرائیلی فورسز کی کارروائی کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔واضح رہے کہ 11 دن حملے اور خونریزی کے بعد اسرائیل اور حماس میں جنگ بندی ہوئی ہے جبکہ اسرائیل اور حماس میں جنگ بندی کے بعد حماس نے جیت کا اعلان کیا تھا، جس پر غزہ میں جشن منایا گیا۔یاد رہے اسرائیلی حملوں میں 279فلسطینی جاں بحق اور 1900 سے زائد زخمی ہوئے ہیں اور حماس کے حملوں میں 12 اسرائیلی بھی مارے گئے جبکہ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے امریکی دباو پر جنگ بندی کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی اور فلسطینی قیادت کی ذمیداری ہے جنگ کے بنیادی اسباب پر غور کے لیے بات چیت کریں جبکہ پاکستان نے بھی اسرائیل اور حماس کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان پر خیر مقدم کیا ہے۔