یو این آئی
دبئی//حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد عرب ممالک میں واقع مساجد، فٹ بال اسٹیڈیم اور شہروں میں فلسطینیوں کی حمایت میں جذبات میں اضافہ ہورہا ہے ، جس سے فلسطینیوں کے لیے یکجہتی کی فضا پیدا ہورہی ہے ۔ڈان میں شائع خبررساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق رام اللہ سے لے کر بیروت، دمشق، بغداد اور قاہرہ تک لوگوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں، رقص کیا اور فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کے قبضے کے خلاف مزاحمت کی حمایت میں دعائیں کیں۔اسرائیل کے مغربی کنارے میں رام اللہ سے ایک 52 سالہ کافی فروش فرح السعدی نے کہا کہ میں نے پوری زندگی میں اسرائیل کو ہمیں مارتے ، ہماری زمینوں پر قبضہ کرتے اور ہمارے بچوں کو گرفتار کرتے یکھا ہے ۔فرح السعدی کا بیٹا اسرائیل کی حراست میں ہے ، انہوں نے کہا کہ میں حماس کے اقدام سے خوش ہوں تاہم مجھے انتقامی کارروائی میں غزہ میں اسرائیلی مظالم کی شدت کا خوف ہے ۔مقبوضہ مغربی کنارے کے ایک فلسطینی عہدیدار عصام ابوبکر نے کہا کہ جو کچھ ہوا، میرے خیال میں ایک بھی فلسطینی ایسا نہیں ہوگا جو اس کی حمایت نہ کرے۔