عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کے وزیر زراعت جاوید احمد ڈار نے بدھ کو کہا کہ شمالی کشمیر کے کئی حصوں میںژالہ باری کی وجہ سے باغات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ حکومت نے ایس ڈی آر ایف کے اصولوں کے تحت نقصانات اور معاوضے کا تعین کرنے کیلئے فیلڈ اسیسمنٹ شروع کر دی ہے۔ڈار نے کہا کہ بارہمولہ، پٹن اور ٹنگمرگ کے علاقے ژالہ باری سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا ’’ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ قدرتی آفت کی وجہ سے بہت سے باغات متاثر ہوئے ہیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ نے رات کے وقت متعلقہ محکموں کو نقصان کا ابتدائی تخمینہ شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔جبکہ محکمہ زراعت اور باغبانی کی ٹیموں نے بدھ کی صبح متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور فیلڈ سروے کررہے تھے۔ڈار نے کہا’’ابتدائی جائزوں سے پتہ چلتا ہے کہ مختلف علاقوں میں 15سے 30فیصد کے درمیان نقصان ہوا ہے۔ افسران فیلڈ میں ہیں اور شام تک مکمل رپورٹ متوقع ہے‘‘۔وزیر نے کہا کہ تشخیص کا عمل مکمل ہونے کے بعد ایس ڈی آر ایف کے اصولوں کے مطابق معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔