غلام محمد
سوپور// ایشیا کے دوسرے سب سے بڑے تازہ پھلوں کے تجارتی مرکز’فروٹ منڈی سوپور‘ کے بنیادی ڈھانچے کے جامع اپ گریڈیشن کیلئے ٹینڈر جاری کئے گئے ہیں۔ 978.32لاکھ روپے کے اس پروجیکٹ کا مقصد کاشتکاروں، تاجروں اور منڈی سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈروں کیلئے سہولیات کومزید بہتر کرنا ہے ۔ممبراسمبلی سوپور ارشاد رسول نے اس سلسلے میں کہا کہ ترقیاتی کاموں کے ایک بڑے حصے کے طور پرکسان گھر کی اپ گریڈیشن، بشمول ایک اضافی منزل کی تعمیر اور جدید فرنیچر کی فراہمی پر 156.30لاکھ روپئے کا تخمینہ ہے جبکہ نکاسی آب کے نظام کی جدید کاری یقینی بنانے اور صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے کیلئے 64.96لاکھ روپئے،گاڑیوں اور سامان کی ہموار نقل و حرکت کیلئے اندرونی سڑکوں کی اپ گریڈیشن اور میکڈامائزیشن پر249.75لاکھ روپئے، منڈی کے اندر ایک جدید ترین شاپنگ کمپلیکس کی تعمیر پر352.67لاکھ روپئے ،تجارتی کارروائیوں کو ہموار کرنے اور نیلامی پلیٹ فارم کی تعمیرپر126.15لاکھ روپئے اوربہتر حفظان صحت اور سہولت کیلئے 28.49لاکھ روپے کا تخمینہ ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ان ترقیاتی کاموں سے فروٹ منڈی سوپور کو ایک موثر، منظم اور جدید بازار میں تبدیل کرنے کی توقع ہے، جو بالآخر مقامی باغبانی کی معیشت کو ترقی دے گی اور ہزاروں کاشتکاروں اور تاجروں کے لیے کاروباری کاموں میں آسانی پیدا کرے گی۔منڈی سے وابستہ کاشتکاروں ، تاجروں اور سوپور کے دیگر لوگوں نے باغبانی کے وزیر جاوید احمد ڈار اورایم ایل اے ارشاد رسول کار کا ان اہم منصوبوں کو محفوظ بنانے اور شروع کرنے میں ان کی پرعزم کوششوں کے لیے شکریہ ادا کیا ہے۔