اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس نے قتل و دیگر کیسوں میں ملوث انتہائی مطلوب مفرور ملزم کو پنجاب سے گرفتار کیا ہے۔ضلع پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق غلام قادر ولد مہر بخش سکنہ ملتھ تحصیل گندوہ نامی سابق ملی ٹینٹ پچھلے 19 برس سے مفرور تھا اور مذکورہ ملزم کے خلاف گندوہ تھانہ میں ایف آئی آر نمبری 57/2007 تحت دفعات 302،307 آر پی سی 7/27 اے ایکٹ، ایف آئی آر نمبر 103/2006 تحت دفعات 302،307 آر پی سی 7/27 اے ایکٹ درج کئے گئے تھے اور 2006 سے وہ مفرور تھا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ ملزم کو منصف کورٹ گندوہ میں 2023 میں اشتہاری مجرم قرار دیا گیا تھا اور وہ عبد الطیف ولد محمد ابراہیم سکنہ چنمپل امرئی و محمد اسحاق ولد ظہور الدین سکنہ ملتھ کے قتل میں بھی ملوث تھا۔ اس حوالے سے گندوہ پولیس کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے تمام صلاحیتوں و وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پنجاب سے گرفتار کیا۔