جموں//62افراد پر مشتمل فارسٹ سپورٹس کٹنجنٹ آج یہاں 24ویں سپورٹس میٹ میں شرکت کرنے کے لئے رائے پور روانہ ہوا۔ یہ میٹ 9؍ جنوری سے 13؍ جنوری 2019ء تک منعقد ہوگا اور اس کا انعقاد ہر دو سال کے بعد کیا جاتا ہے۔پچھلا ایونٹ حیدر آباد میں منعقد ہوا تھا۔کٹنجنٹ بیڈ منٹن ، ٹینس ، فٹ بال ، ایتھلیٹک ، شوٹنگ ، گالف اور انڈو ر کھیلوں میں حصہ لے گا۔ پرنسپل چیف کنزرویٹر فارسٹ سریش چُگ نے ہری جھنڈی دکھاکر کٹنجنٹ کو روانہ کیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ کٹنجنٹ نے میٹ میں حصہ لینے کے لئے پوری تیاری کی ہے اور اُمید کی جاسکتی ہے کہ وہ کئی میڈل حاصل کر کے واپس لوٹیں گے ۔اُنہوںنے مزید کہا کہ محکمہ جنگلات میں کئی مایہ ٔ ناز کھلاڑی ہیں جنہوں نے قومی سپورٹس میٹوں میں کئی بار سونے کے تمغے حاصل کئے ہیں بالخصوص بلیارڈس، سنوکر ، کرکٹ اور فٹ بال میں جنگلات محکمہ کے کھلاڑیوں نے حوصلہ افز ا کام انجام دیا ہے ۔چیف کنزرویٹر فارسٹ سمیر بھارتی نے اس موقعہ پر کہا کہ کھیل کود جسمانی و ذہنی نشو و نما کے لئے بہت ضروری ہے اور کھیل کود کی بدولت ملازمین کی قابلیت میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ محکمہ جنگلات نے تمام ٹیموں کا چنائو ڈیپارٹمنٹل سلیکشن کمیٹی کی نگرانی میں انجام دیا ہے جس کے چیئرمین آصف محمود ہے۔برج موہن شرما، سیمول چنگ کیجا ، ایم کے کمار اور سپورٹس آفیسر کے علاوہ سپورٹس کونسل کے ماہرین بھی چنائو کے عمل میں موجود تھے۔ٹیم کی رخصتی کے وقت فارسٹ کنزرویٹر ایسٹ سرکل موہن داس ، ڈی ایف او جموں ، ڈی ایف او اَربن جموں اور محکمہ جنگلات کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔