عظمیٰ نیوز سروس
جموں+سرینگر //سیکورٹی فورسز نے اتوار کو جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں تلاشی کی کارروائیوں کو تیز کیا اور علاقے میں چھپے ہوئے مشتبہ ملی ٹینٹوں کا پتہ لگانے کے لئے اضافی دستوں کی تعیناتی کے ساتھ محاصرہ وسیع کردیا ہے۔حکام نے بتایا کہ ہفتہ کو انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوںکے درمیان مختصر مقابلے کے بعد ڈوریمل-گمبھیر مغلاںپٹی میں آپریشن کو وسعت دی گئی۔عہدیداروں نے بتایا کہ ڈوریمل گمبھیر مغلاں علاقہ میں تلاشی مہم تیز کردی گئی ہے اور محاصرے کو وسیع کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مشتبہ ملی ٹینٹوں کی تلاش میں مدد کے لیے اضافی سیکورٹی اہلکاروں کو علاقے میں بھیج دیا گیا ہے۔فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی ایک مشترکہ ٹیم نے مشتبہ ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت کے بارے میں مخصوص اطلاعات کے بعد ہفتہ کو علاقے میں ایک بڑے پیمانے پر محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا تھا۔آپریشن کے نتیجے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کے ساتھ رابطہ قائم ہونے کے بعد فائرنگ کا مختصر تبادلہ ہوا، جس کے بعد ملی ٹینٹ فرار ہوئے۔ سیکورٹی فورسز نے جنگلاتی علاقوں میں وسیع تلاشی جاری رکھی ہوئی ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت کا شبہ ہے۔سیکورٹی فورسز نے مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر جموں ضلع کے اکھنور کے گودھا برہمنہ علاقے میں بھی تلاشی مہم شروع کی ہے۔حکام نے بتایا کہ ایک مقامی خاتون نے سیکیورٹی اہلکاروں کو اطلاع دی کہ اس نے اپنے گھر کے قریب تین سے چار نقاب پوش افراد کو دیکھا جن کی سرگرمیاں مشکوک معلوم ہوتی ہیں۔ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، سیکورٹی فورسز نے علاقے میں پہنچ کر قریبی دیہات کو گھیرے میں لے لیا اور معلومات کی تصدیق اور مشتبہ افراد کا سراغ لگانے کے لیے تلاشی شروع کی۔ادھر پولیس نے شمالی کشمیر میں خفیہ ٹھکانے سے گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کیا۔بارہمولہ ضلع کے نیلسر کنڈی علاقے میں ایک مشترکہ آپریشن کے دوران دھماکہ خیز مواد کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا۔ یہ آپریشن بارہمولہ پولیس، فوج کی 52 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور پر علاقے میں ملی ٹینسی سے متعلق مواد کی موجودگی کے بارے میں مخصوص انٹیلی جنس معلومات کے بعد شروع کیا تھا۔ مشترکہ ٹیم نے نیلسر کنڈی کے جنگلاتی پٹی میں ایک مکمل تلاشی آپریشن کیا، جس کے دوران ایک مشتبہ ٹھکانے کا پردہ فاش کیا گیا۔تلاشی کے دوران راکٹ پروپیلڈ گرینیڈ (آر پی جی)گولہ بارود اور دیگر دھماکہ خیز مواد بھی شامل ہے۔