ایجنسیز
تہران/ایران نے فیفا ورلڈ کپ 2026میں اپنی شرکت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے ، جس کے بعد اس حوالے سے جاری غیر یقینی صورتحال ختم ہو گئی ہے ۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے ، تاہم ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیاں سیاسی حالات سے متاثر نہیں ہوں گی۔ ایرانی حکومت کے مطابق قومی فٹبال ٹیم عالمی ایونٹ میں شرکت کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔غیرملکی رپورٹ کے مطابق حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے ریاستی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے امور و کھیل کی وزارت نے کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ ٹیم عالمی سطح پر عمدہ کارکردگی دکھا سکے ۔اس سے قبل ایران کے وزیر کھیل سے منسوب بیانات میں شرکت نہ کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا، تاہم حالیہ وضاحت نے ان قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے ۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی پاؤلو زمپولی نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے ایران کی جگہ اٹلی کو شامل کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔