عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// انسداد بدعنوانی بیورو کی جانب سے ایک مخصوص ان پٹ کی بنیاد پرڈائریکٹر گراجز کیخلاف کیس درج کیا ہے۔بیورو کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تصدیق سے یہ بات سامنے آئی کہ مشتبہ نے مختلف مقامات/محکموں جیسے اے آر ٹی او اننت ناگ، پلوامہ اور ڈائریکٹر سٹیٹ موٹر گیراج میں تعینات ہونے کے دوران اپنے نام پر پلاٹوں، مکانات، دکانوں، شاپنگ کمپلیکس، بینک اکائونٹس وغیرہ کے ساتھ ساتھ اپنے خاندان کے افراد/ رشتہ داروں کے نام پر بھاری اثاثے بنائے جو کہ اس کی معلوم آمدنی کے ذرائع سے انتہائی غیر متناسب پائے گئے۔ توثیق کی بنیاد پر، ڈائریکٹر موٹر گیراجز کے خلاف پی سی ایکٹ 1988 کی دفعہ 13(1)(b) r/w سیکشن 13 (2) کے تحت مجرمانہ بدانتظامی کا اولین مقدمہ درج کیا گیا۔ تفتیش کے دوران سپیشل جج اینٹی کرپشن جموں کی معزز عدالت سے تلاشی لینے کے لیے سرچ وارنٹ حاصل کیے گئے۔ اس کے بعد اے سی بی کی ٹیموں کے ذریعہ 4 مختلف مقامات پر تلاشی لی گئی جس میں صنعت نگر اور، حیدر پورہ سری نگر میں واقع رہائشی مکان، 55-سی گاندھی نگر، جموں میں رہائشی کوارٹر اور نیو پلاٹ، جموں میں سرکاری احاطے شامل ہیں۔ تلاشی کے دوران مجرمانہ مواد برآمد کیا گیا اور فوری کیس میں ثبوت کے طور پر ضبط کیا گیا۔کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔