یو این آئی
غزہ//اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک بار پھر اسپتالوں کو نشانہ بنایا جس میں بچے سمیت 6افراد جاں بحق ہوگئے۔فلسطینی ہلال احمر کے مطابق اسرائیل نے تل الحوا کے علاقے میں القدس اسپتال کے اطراف شدید بمباری کی، اسپتال میں عملہ، مریض اور 14ہزار سے زیادہ بے گھر افراد موجود ہیں، اسپتال پر بمباری سے اسٹاف زخمی اور اسپتال کی سہولیات کو کافی نقصان پہنچا، ہمیں طبی خدمات کی فراہمی جاری رکھنے میں بڑی مشکلات کا سامنا ہے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق نابلس کے مشرق میں عسکر کیمپ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کا قابض فوج سے تصادم ہوا، قابض اسرائیلی فوج نے رام اللہ کے شمال میں الجلازون کیمپ پر دھاوا بول دیا، مزاحمت کاروں نے قابض اسرائیلی افواج کو دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنایا، قابض فوج نے بیت اللحم میں عدہ کیمپ پر دھاوا بولا، متعدد زخمی انڈونیشیا اسپتال پہنچے لیکن اسرائیلی فوجی طیاروں نے انڈونیشیا کے اسپتال کے اطراف بھی بمباری کی، انڈونیشیا کے اسپتال کے سامنے رہائشی اپارٹمنٹس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔علاوہ ازیں اسرائیلی فورسز نے جمعہ کو علی الصبح بیت المقدس کے قریب سرچ آپریشن کیا جس میں ایک فلسطینی شہری کو حراست میں لیا گیا،اسرائیلی فورسز نے ہزما ٹان میں متعدد گھروں کو بھی نقصان پہنچایا جب کہ سرچ آپریشن کے دوران آنسو گیس کا بھی استعمال کیا گیا،فلسطینی پر ایک ماہ سے جاری اسرائیلی حملوں میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 11ہزار کے قریب پہنچ گئی اور 28ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں جب کہ 15لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔