یو این آئی
نیویارک// اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے امریکی تجاویز کی حمایت میں قرارداد منظور کرلی۔قرارداد کی منظوری کے حق میں 14 ووٹ ڈالے گئے جبکہ روس غیر حاضر رہا۔قرارداد کے مطابق دونوں متحارب فریق بات چیت کریں گے اور اس دوران جنگ بندی جاری رہے گی، امریکی سفیر نے مطالبہ کیا کہ حماس بھی یہ قرارداد منظور کرلے۔اقوام متحدہ میں فلسطینی سفیر نے قرار داد کو مثبت قدم قرار دیا، حماس نے جنگ بندی کی حمایت میں سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنے بیان میں واضح کیا کہ منصوبے کے اصولوں پر عمل درآمد کے لیے ثالثوں کے ساتھ تعاون کو تیار ہیں۔تاہم روس نے قرار داد پر تحفظات کا اظہار کیا، روسی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکی نام نہاد معاہدے میں مکمل جنگ بندی کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں ہے۔واضح رہے کہ یکم جون کو امریکی صدر جو بائیڈن نے غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے اسرائیل کی جانب سے جامع سیز فائر کا منصوبہ پیش کرتے ہوئے حماس سے اسے قبول کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ جنگ ختم کرنے کا وقت ہے۔