عظمیٰ نیوز سروس
جموں// نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے جمعہ کو قانون ساز اسمبلی کو بتایا کہ اسسٹنٹ انجینئر امتیاز احمد( انچارج ایگزیکٹو انجینئر)سول، سرینگر میونسپل کارپوریشنکو ان کے طرز عمل کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔یہ کارروائی عیدگاہ حلقہ سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی کی جانب سے وانگن پورہ گرڈ تحصیل آفس روڈ کی خستہ حالی اور سڑک کی تعمیر میں غیر معیاری میٹریل کے استعمال کے الزامات کے بعد کی گئی شکایت کے بعد کی گئی ہے۔ جاری کردہ سرکاری حکم کے مطابق، معطلی کی مدت کے دوران، . امتیاز احمد چیف انجینئر پبلک ورکس زون نارتھ، کشمیر کے دفتر سے منسلک رہیں گے اور قواعد کے مطابق معطلی الائونس کے حقدار ہوں گے۔
حکومت نے فرید احمد خان، انچارج ایگزیکٹو انجینئر(پبلک ورکس ( ڈویژن، ڈل گیٹ کو ایگزیکٹو انجینئر، سٹی روڈز ڈویژن کا اضافی چارج تفویض کیا ہے۔دریں اثنا،سشیل کمار، انچارج چیف انجینئر، پبلک ورکس ، زون نارتھ، کشمیر، کو ان الزامات کی تحقیقات کے لیے انکوائری افسر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔انکوائری آفیسر کو 30 دن میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ادھر حکومت نے بلبیر کمار، چیف ایجوکیشن آفیسربانڈی پورہ کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے، ان کے طرز عمل کی انکوائری زیر التوا ہے۔ یہ کارروائی جموں و کشمیر سول سروسز(درجہ بندی، کنٹرول اور اپیل) رولز، 1956 کے رول 31 کے تحت کی گئی ہے۔حکم میں کہا گیا ہے کہ زیر التوا تحقیقات، بلبیر کمار کو معطل کیا گیا ہے۔ معطلی کی مدت کے دوران وہ ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کے دفتر سے منسلک رہیں گے۔