عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ پارٹی کی ذمہ داری ہے کہ عوامی مسائل کو اجاگر کرکے انکا حل تلاش کرنا ہے۔لالچوک حلقے کے ورکروں کیساتھ میٹنگ میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوامی رابطہ مہم شروع کریں اور زمینی سطح پر لوگوں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں۔انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ مقامی مسائل کی نشاندہی کریں، تاکہ پارٹی اس بات کو یقینی بنائے کہ ان مسائل کو فوری حل کے لئے حکام کی توجہ میں لایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم زمینی سطح پر لوگوں تک پہنچیں اور ان کے مسائل کو صحیح معنوں میں سمجھیں، پہلے ہمیں ان کے مسائل کی نشاندہی کرنی ہوگی، پھر ان مسائل کو حکام تک پہنچانا ہوگا تاکہ انہیں حل کیا جاسکے۔انہوں نے سینئر کارکنوں کو اپنے علاقوں میں نئی ممبر مہم شروع کرنے کا ٹاسک بھی دیا۔ اجلاس میں حلقے میں پارٹی کیڈر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل اور بعض تنظیمی امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقعے پر کئی اہم فیصلے لئے گئے۔