محتشم احتشام
پونچھ //شبِ برات کے بابرکت موقع پر ضلع پونچھ کے قدیم، معتبر اور ممتاز دینی ادارے جامعہ غوثیہ انوارالاسلام پونچھ کے زیرِ اہتمام عظمتِ قرآن کانفرنس و جلسہ دستار بندی جامع مسجد پولیس لائن پونچھ میں نہایت وقار، نظم و ضبط اور روحانی فضا میں منعقد ہوئی۔ اس عظیم الشان اجتماع میں ضلع بھر سے علماکرام، حفاظ، مشائخ، معززینِ شہر، سماجی شخصیات، ادارے کے معاونین اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جو ادارے پر عوامی اعتماد اور اس کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبولﷺ پیش کی گئی اور پورا ماحول عشقِ رسول ﷺ سے معمور ہو گیا۔ کانفرنس کے مقررِ خصوصی، شارحِ بخاری شریف حضرت مولانا مفتی محمد عاقل مصباحی دامت برکاتہم نے نہایت جامع اور اثر انگیز خطاب کیا۔ انہوں نے اخلاص اور تقویٰ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علم اگر اخلاص سے خالی ہو تو وہ انسان کو بلندی کے بجائے زوال کی طرف لے جاتا ہے۔
انہوں نے طلباء مدارس کو کردار سازی، عاجزی اور تقویٰ اپنانے کی نصیحت کی، جس پر مجمع میں رقت طاری ہو گئی۔نائب صدر جماعت اہلِ سنت مولانا مفتی فاروق حسین مصباحی نے شبِ برات کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ رات اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمتوں اور مغفرت کی رات ہے، جس میں توبہ، استغفار اور عبادات کا خصوصی اہتمام کرنا چاہیے۔وہیں مفتی سکندر حیات خان ازہری نے مدارسِ دینیہ کے استحکام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مدارس قرآن و سنت کے محافظ اور امت کی فکری و اخلاقی تربیت کا مضبوط مرکز ہیں، جن کی سرپرستی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔کانفرنس میں مولانا مدثر نعیمی (دارالعلوم نعیمیہ بھینچھ)، مولانا صوفی محمد اقبال رضوی سمیت دیگر جید علما کی شرکت نے پروگرام کے علمی وقار میں اضافہ کیا۔ اس موقع پر قرآنِ مجید اور دینی علوم مکمل کرنے والے طلبہ کی پْروقار دستار بندی کی گئی، جسے حاضرین نے کھڑے ہو کر سراہا۔کانفرنس کے انتظامات ناظمِ اعلیٰ حضرت مولانا حافظ و قاری محمود رضا نعیمی کی زیرِ نگرانی نہایت خوش اسلوبی سے انجام پائے۔ آخر میں رقت آمیز دعاؤں کے ساتھ کانفرنس اختتام پذیر ہوئی، جس میں ملک و ملت کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور دینی مدارس کی ترقی کے لئے خصوصی دعائیں کی۔