بانہال+ اننت ناگ //عشمقام اور بانہال میں آگ کی 2ہولناک وارداتوں میں 13رہائشی مکان اور 5 دکانیں خاکستر ہوئے۔ کھاگ بڈگام میں ایک آلٹو گاڑی میں آگ لگنے سے نقصان پہنچا۔ کھڑی بانہال کے ترگام ہجوا گائوں میں منگل کی صبح 11بجے آگ کی ایک ہولناک واردات میں کم از کم12رہائشی مکان جل کر راکھ ہوگئے جن میں32 کنبے رہائش پذیر تھے ۔اگ کی واردات میں مکینوں کا تمام مال و اسباب خاکستر ہوا تاہم مال مویشی اور انسانوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔منگل کی شام آگ کو مکمل طور پر قابو کرنے کیلئے انڈین ائر فورس کے ہیلی کاپٹروں کی مدد لی گئی ۔ ہجوا گائوں میں پانی کی قلت ہونے کی وجہ سے ایک مکان سے نمودار ہوئی اور آگ نے بے قابو ہوکر پورے محلے کو اپنی لپیٹ میں لیا۔دیکھتے ہی دیکھتے یکے بعد دیگرے12رہائشی مکان مکمل طور پار خاکستر ہوئے۔ اس دوران 28 کلومیٹر دور بانہال سے فائر سروس گاڑی اور عملہ بھی متاثرہ علاقے میں پہنچ گیا لیکن سڑک سے دور ہونے کی وجہ سے فائر سروس کی طرف سے آگ بجھانے کیلئے نالے سے پانی لیجانے میں مشکلات پیش آئیں۔جب آگ مکمل طور پر بے قابو ہوئی تو فوج کی طرف سے کارروائی کی گئی جس نے چار گھنٹوں سے زائد وقت تک جاری رہنے والی آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا ۔ تحصیل کھڑی میں فائر سروس سٹیشن کے قیام میں مسلسل ناکامی کے خلاف لوگوں نے اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل کھڑی میں پچھلے سال آگ کی ایک بڑی واردات کے بعد فائر سٹیشن دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن وعدہ پورا نہ کرنے کی وجہ سے آج اگ کی اس دوسری بڑی واردات میں لوگوں کو بھاری نقصان سے نہیں بچایا جا سکا ۔ ادھر عشمقام میں چوک میں منگل کی صبح 9بجے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً 5دکانوں اور ایک مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگتے ہی فائر سروس عملہ کو مطلع کیا جنہوںنے جائے واردا ت پر پہنچ کر آگ کو بجھانے کی کارروائی شروع کی۔ کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیاگیا۔ آگ کے نتیجہ میں 5دکانیں اور ایک رہائشی مکان، جن میں لاکھوں روپے مالیت کا سازوسامان تھا ، جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ادھر نوروز بابا کھاگ جنگلاتی علاقہ میں موجود آلٹو گاڑی زیر نمبرJK01AA/4271میں آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں گاڑی کو نقصان پہنچا۔ گاڑی کے مالک نذیر احمد خان ساکن نورروز بابا کھاگ کاکہنا ہے کہ اسے خدشہ ہے کہ آگ لگنے کے واقعہ میں شرپسندوں کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ اس دوران پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔