عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ//چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) ڈوڈہ ڈاکٹر اوم کمار نے ایک ورچیوئل میٹنگ طلب کی اور بی ایم اوز اور صحت مراکز کے انچارجوں کے ساتھ بات چیت کی تاکہ عسر اور ٹھاٹھری بلاکوں میں ہیلتھ کیئر کی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔اُنہوںنے اِس بات کا اعادہ کیا کہ ہیلتھ کیئر ایک لازمی خدمت ہے اور اس کی بروقت اور معیاری فراہمی محکمہ صحت کی اوّلین ترجیح ہے۔سی ایم او نے عملے کی وقت کی پابندی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بی ایم اوز کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ غیر حاضر عملے کے خلاف سخت کاررِوائی شروع کریں اور ان سے وضاحت طلب کریں۔ اُنہوں نے بی ایم اوز سے کہا کہ وہ اِنتہائی احتیاط اور پیشگی متبادل اِنتظامات کے ساتھ چھٹیوں کی منظوری دیں تاکہ کسی بھی مرکز کی صحت خدمات متاثر نہ ہو۔چیف میڈیکل آفیسر نے صحت خدمات کارکنوں کی ستائش کی جو تمام مشکلات کو برداشت کرتے ہوئے اِنسانیت کی خدمت کے لئے دستیاب رہتے ہیں اور اُنہیں مشورہ دیا کہ وہ اس عظیم پیشے کی عظمت کو برقرار رکھیں۔