اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں، ناکارہ و بناء دستاویزات کی گاڑیوں کے خلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے ڈوڈہ پولیس نے اؤولوڈنگ کے 3ایف آئی آر درج کرکے 20گاڑیوں کو ضبط و193 کا چالان کیا ہے اور ڈرائیوروں کو گرفتار کیا ہے ۔ضلع پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق بھدرواہ تھانہ میں ایف آئی آر نمبر 146/2023 منی بس ڈرائیور ماجد حسین ساکنہ بھالہ دوسرا ایف آئی آر نمبر 250/2023 ڈوڈہ تھانہ میں ٹریکس ڈرائیور جگدیش سنگھ ساکنہ مرمت تیسرا کیس ڈرائیور 252/2023 ڈرائیور سنیت سنگھ خلاف درج کیا گیا اور دونوں ڈرائیوروں کو گرفتار کر کے گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے۔اس دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر دیگر 20گاڑیوں کو ضبط و 193 کا چالان کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی ضلع بھر میں انجام دی گئی اور ڈرائیوروں و ٹرانسپورٹرز پر زور دیا گیا کہ وہ ٹریفک قوانین کے مطابق گاڑیاں چلائیں اور کسی بھی قسم کی لاپرواہی و کوتاہی سے اجتناب کریں۔ضلع پولیس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جو بھی ڈرائیو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا اس کا لائسنس، گاڑی کی رجسٹریشن، روٹ پرمٹ منسوخ کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس نے سیول سوسائٹی و عوام سے بھی بہتر ٹریفک نظام بنانے کے لئے تعاون طلب کیا ہے۔ ادھر سیول سوسائٹی نے پولیس انتظامیہ کی اس مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ضلع کے معروف و قانون دان ایڈووکیٹ امتیاز احمد میر نے کہا کہ اگر وقتاً فوقتاً ٹریفک چیکنگ ہوتی تو کچھ حد تک سڑک حادثات میں کمی آتی لیکن انتظامیہ تب تک حرکت میں نہیں آتی ہے جب تک نہ کوئی بڑا حادثہ پیش آتا ہے۔انہوں لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی عمل آوری کو یقینی بنانے و ڈرائیور کو اؤورلوڈنگ و تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے لئے مجبور نہ کریں۔واضح رہے کہ تین روز قبل ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر ترنگل عسر کے نزدیک پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں 39 افراد ہلاک و 17 زخمی ہوئے تھے اور عینی شاہدین کے مطابق یہ حادثہ اؤورلوڈنگ و تیز-رفتاری کے باعث پیش آیا آیا جس کے بعد پولیس و سیول انتظامیہ نے ضلع بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف ٹریفک ناکوں میں اضافہ کیا ہے اور اب تک ڈھائی سو کے قریب گاڑیوں کو ضبط کرکے ایف آئی آر درج کیا ہے اور ڈرائیوروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
کٹھوعہ سڑک حادثے میں شہری کی برسر موقع ہی موت
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں ہفتے کے روز ایک سڑک حادثے میں ایک شہری کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ کٹھوعہ میں ہفتے کے روز ایس پی آفس کے نزدیک ایک تیز رفتار گاڑی اور ایک موٹر سائیکل کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں ایک شہری کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی۔متوفی کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے۔دریں اثنا پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر کارروائی شروع کی ہے۔بتادیں کہ جموں وکشمیر میں سڑک حادثوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے بلکہ سڑک حادثوں کا رونما ہونا ایک معمول بن گیا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈرائیور حضرات کی طرف سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور سڑکوں کی خستہ حالت ان حادثات کے رونما ہونے کی بنیادی وجوہات ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ضلع ڈوڈہ کے عسر علاقے میں حالیہ سڑک حادثے میں 39 افراد کی موت جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے۔یو این آئی