محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں قانون کی عمل داری کو یقینی بنانے اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لئے ضلع انتظامیہ نے معزز عدالت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایک اہم کارروائی انجام دی۔ وارڈ نمبر 9، محلہ کامسر میں ضلع ہسپتال پونچھ کے نزدیک قائم غیر قانونی تجاوزات کو باقاعدہ کارروائی کے دوران ہٹا دیا گیا۔یہ کارروائی معزز عدالت کی واضح ہدایات کی روشنی میں انجام دی گئی، جس کا مقصد سرکاری اراضی کو ناجائز قبضے سے آزاد کرانا اور شہری نظم و نسق کو بہتر بنانا تھا۔ ضلع انتظامیہ کی اس کارروائی میں ریونیو، پولیس، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا تاکہ کارروائی پرامن، شفاف اور قانون کے مطابق انجام دی جا سکے۔انتظامیہ کے مطابق مذکورہ مقام پر طویل عرصے سے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات قائم تھیں، جس کے باعث نہ صرف عوامی آمد و رفت میں دشواری پیش آ رہی تھی بلکہ ضلع ہسپتال کے اطراف صحت و صفائی اور سیکورٹی سے متعلق مسائل بھی جنم لے رہے تھے۔ عوامی شکایات اور عدالتی احکامات کے بعد اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔کارروائی سے قبل انتظامیہ نے تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے متعلقہ فریقین کو پیشگی نوٹس جاری کئے اور انہیں ازخود تجاوزات ہٹانے کا موقع فراہم کیا تاہم مقررہ مدت کے اندر عمل نہ ہونے کی صورت میں انتظامیہ نے خود کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کر دیا۔ضلع انتظامیہ کے افسران نے اس موقع پر واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلا امتیاز جاری رہیں گی اور کسی کو بھی سرکاری زمین پر ناجائز قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قانون کا احترام کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر میں نظم، صفائی اور سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔عوامی حلقوں نے ضلع انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے اقدامات سے شہر میں قانون کی بالادستی قائم ہوگی اور عام شہریوں کو درپیش مسائل میں کمی آئے گی۔