عالمی ادارہ صحت کی کوویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری

نئی دہلی//ہندوستان میں بنی کورونا وائرس ویکسین کوویکسین کو عالمی صحت تنظیم کے تکنیکی صلاح کار گروپ کی جانب سے ایمرجنسی استعمال کیلئے منظوری تقریبا مل گئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری کیلئے ڈبلیو ایچ او کے سربراہ سے خصوصی سفارش کی تھی۔کوویکسین کو ڈیولپ کرنے والی حیدرآباد میں واقع بھارت بایوٹیک کمپنی نے ٹیکے کو ایمرجنسی استعمال فہرست میں شامل کرنے کیلئے 19اپریل کو ڈبلیو ایچ او کو ای او آئی ظاہر کی تھی۔ اس کے بعد سے ہی عالمی صحت تنظیم کئی دور کی اہم میٹنگ کرنے کے بعد اس نتیجہ پر پہنچ سکا ہے۔ گروپ نے 26اکتوبر کی میٹنگ میں بھارت بایوٹیک سے اضافی ڈیٹا مانگا تھا ، جس سے حتمی تجزیہ کیا جاسکے۔ جس اضافی ڈیٹا کی مانگ کی گئی تھی اس میں 60سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کا امیونوزنیسیٹی ڈیٹا بھی شامل تھا۔ اس کے علاوہ جینڈر کے مطابق بھی ڈیٹا کی مانگ کی گئی تھی۔ٹیکنیکل ایڈوائزی گروپ کے پاس کسی بھی ویکسین کو ایمرجنسی یوز لائسنس دینے کا اختیار ہوتا ہے۔ اس سے پہلے پیر کو آسٹریلیائی حکومت نے سفر کو لے کر کوویکسین کو اجازت دیدی تھی۔ اس بات کی جانکاری ہندوستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر بیری او فیرل نے دی تھی۔ نئی اجازت کے بعد کوویکسین حاصل کرچکے ہندوستانیوں کو اجازت ملے گی۔ آسٹریلیا میں کووی شیلڈ کو پہلے ہی منظوری مل چکی ہے۔ڈبلیو ایچ او نے اب تک دنیا کی سات کورونا ویکسین کو ایمرجنسی استعمال کیلئے منظوری دی ہے۔ تنظیم کے اسٹریٹجک ایڈوائزری گروپ نے پہلے ہی کوویکسین کا جائزہ لے لیا ہے۔