طبی نظام نرس کے سپرد : بیدار میں ڈاکٹروں کی تعیناتی کا مطالبہ

پونچھ//منڈی کے بیدارعلاقے میں قائم طبی مرکز میں ڈاکٹروں کی شدیدقلت ہے ۔مقامی لوگوںنے اس سلسلے میں احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ ایک خوبصورت عمارت تو بنادی گئی ہے لیکن مریضوں کا علاج معالجہ نہیں ہورہا۔انہوں نے کہاکہ ڈسپنسری میں ڈاکٹروں کی قلت ہے جن کی تعیناتی فوری طور پر عمل میں لائی جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ پانچ پنچایتوں کی ہزاروں عوام کے لئے یہ طبی مرکز اہمیت کا حامل ہے تاہم بدقسمتی سے اس میں طبی خدمات میسر ہی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ طبی مرکز میں ایک نرس تعینات ہے جو ڈاکٹر کی جگہ مریضوں کا علاج کرتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ اس نرس کے شکر گزار ہیں جس نے کام سنبھال رکھاہے لیکن یہ محکمہ صحت کیلئے شرمناک بات ہے ۔ ایک بزرگ نے بتایا کہ بیدار ایک مرکزی علاقہ ہے جہاں دور دراز علاقہ جات سے مریضوں کو لوگ کئی کئی کلو میٹر اپنے کاندھوں پر پیدل چل کر لاتے ہیںاور اگر ڈاکٹر ہی نہیں ملیں گے تو پھر انہیں سب ضلع ہسپتال منڈی یا پھر ضلع ہسپتال پونچھ دوڑنا پڑتا ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ ڈسپنسری میں ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لانے کیلئے اقدامات کریں۔