کٹھوعہ //ضلع کانگریس کمیٹی کٹھوعہ کی طرف سے بلاور میں ایک روزہ کنونشن کا اہتمام کیا گیا جس میں ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر بطور مہمان خصوصی شامل ہو ئے ۔اپنے خطاب میں غلام احمد میر نے پی ڈی پی اور بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں کی ناکامی کی وجہ سے اس وقت ریاست کی مجموعی صورتحال خراب ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں نے سیاسی مفاد کی خاطر عوامی مسائل کو نظر انداز کر دیا ۔میر نے کہا کہ بھاجپاکے جھوٹے وعدوں اور کھوکھلے نعروں کا پردہ اب پوری طرح سے فاش ہو چکا ہے جبکہ پارٹی عوام کو فرقوں اور خطوں میں تقسیم کر کے سیاسی مفاد حاصل کر نا چاہتی تھی لیکن اب وہ تمام کوششیں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پورے ملک میں واحد ایک بڑی سکولر جماعت ہے جوکہ بغیر کسی مذہب و فرقہ کے عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کر نے کی وعدہ بند ہے ۔پردیش کا نگریس کے ریاستی صدر نے کہاکہ ملک میں جمہوری نظام کو بر قرار رکھنے اور ملکی تعمیر و ترقی کیلئے کانگریس نے ایک اہم رول ادا کیا ہے ۔انہوں نے ریاستی اکائی کے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ کانگریس کی مضبوطی کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی سنیئر لیڈر رمن بھلہ نے کہاکہ ریاست جموں و کشمیر میں نیشنل کا نفرنس اور کانگر یس کی حکومت کے دور میں تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی لیکن پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد ریاستی عوام کے مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔انہوں نے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں نے اپنے مفاد کیلئے لوگوں کو گمراہ کیا ۔رمن بھلہ نے کہاکہ اس وقت سرحدی علا قوں میں آباد لوگوں کو فائرنگ کے علا وہ بنیادی سہولیات کی قلت کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے لیکن اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔اپنے خطاب میں ضلع کانگریس کمیٹی کٹھوعہ کے صدر ڈاکٹر منوہر لعل شرما نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی عوامی تعمیر وترقی کے بجائے اپنے سامراجی ایجنڈے کو لاگو کرنا چاہتی ہے ۔موصوف نے کہاکہ 2014کے اسمبلی انتخابات میں عوام نے بھاجپا کو تعمیر و ترقی ،بے روز گاری کو ختم کرنے جیسے مسائل پر ووٹ دیا تھا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد پارٹی لیڈران نے عوام کو تقسیم کرنا شروع کر دیا جس کی وجہ سے اس وقت عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں ۔اس کنونشن میں ٹھا کر منمو ہن سنگھ ،راجنیش شرما ،سبھاش گپتا ڈاکٹر نریندر وید ،جگموہن گپتا و دیگران بھی موجود تھے ۔