محمد تسکین
بانہال //ضلع رام بن میں بارشوں اور برفباری اور خراب موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری نے ضلع رام بن کے تمام سکول کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے تاکہ بچوں اور والدین کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری نے کشمیر عظمیٰ کو فون پر بتایا کہ ضلع رام بن کے علاقوں میں تازہ برفباری مسلسل بارشوں اور بچوں اور ٹیچروں کی حفاظت کے پیش نظر ضلع رام بن کے تمام سکول ہفتے یعنی 15مارچ کے روز بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں چیف ایجوکیشن آفیسر رام بن کو ضروری ہدایات دی گئیں ۔ بعد میں چیف ایجوکیشن آفیسر نے خراب موسمی حالات کی وجہ سے ڈپٹی کمشنر رام بن کی طرف سے سکولوں کو بند رکھنے کے احکامات کی روشنی میں اس کی اطلاعX پر پوسٹ کرکے دی۔ ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری کی طرف سے تمام سرکاری اور غیر سرکاری سکولوں میں چھٹی کے اعلان سے والدین ، بچوں اور اساتذہ نے راحت کی سانس لی ۔ شاہراہ کے بند ہونے اور باد و باراں کے بیچ امتحان دینے والے بچوں کو اپنے اپنے امتحانی مراکز تک پہنچنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔