بانہال// حلقہ انتخاب بانہال کی تین تحصیلوں سے 71 حجاج کرام پر مشتمل دوسرا قافلہ آج بانہال سے سرینگر کیلئے روزانہ ہوا جہاں سے وہ کل جدہ شریف کیلئے روزانہ ہوں گے۔ حجاج کرام کی الوادع کیلئے سینکڑوں کی تعداد میں لوگ ڈاک بنگلہ بانہال میں موجود تھے اور اس موقعہ پر رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ حجاج کرام کو ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس اور تحصیلدار بانہال شفیق وانی نے ہری جھنڈی دکھائی اور اس موقع پر سفر محمود پر روانہ ہو نے و الے عازمین کیلئے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے۔ اس سال ضلع رام بن سے کل ملاکر 154 حجاج کرام حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کر رہے ہیں جن میں 56 خواتین عازمین بھی شامل ہیں۔ اس سال رام بن سے چالیس ، بانہال سے 53 ، بٹوٹ سے دس ، کھڑی سے سات ، پوگل پرستان سے 11 اور گول سے 33 حجاج کرام سفر محمود پر جا رہے ہیں۔ حجاج کرام کیلئے ایس آر ٹی سی کی بسیں مہیا رکھی گئی تھیں اور سینکڑوں کی تعداد میں لوگ اسلام اور وحدت کے نعرے بلند کر رہے تھے۔ اس موقع پر خصوصی دعائیں کی گئیں اور فضا اللہ ہو اکبر اور دورد وسلام سے گونج رہی تھی ۔ اسی طرح رام بن ، گول اور بٹوٹ کے حجاج کرام کو بھی ڈاک بنگلہ رام بن سے روانہ کیا گیا اور اس موقع ضلع افسران اور سینکڑوں کی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ اس موقعہ پر عالم اسلام اور امن و امان کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
رام بن
رام بن// جدید جامع مسجد رام بن سے حرمین شریف کی زیارت اور مناسک حج کی ادائیگی کے لئے سفر محمود پر تشریف لے جانے والے عازمین حج کا83 افراد پر مشتمل ایک قافلہ نہایت ہی عاجزی و انکساری کے ساتھ استغفار کرتے ہوئے روانہ ہوا۔جس میں رام بن سے 40 ، گول سے 33اور بٹوت سے10 عازمین شامل تھے۔ اس موقع پر جدید جامع مسجد کی انتظامیہ نے ایک مختصر دعائیہ و استقبالیہ مجلس کا اہتمام کیا۔ جس میں ائمہ مساجد، علماء کرام اور متعدد کمیٹیوں کے ذمہ داران ،ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ ، ایڈیشنل ایس پی سنجے پریہار ، ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر محمد اصغر ملک، اے سی آر و ایس ایچ او رام بن کے علاوہ بڑی تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کی۔ عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے قاری علی حسین، محمد اقبال کٹوچ، عاقب نذیر، عبد القیوم مشتاق، نے مختصر فلسفۂ حج پر روشنی ڈالی اور عازمین سے کہا کہ وہ اس عظیم سفر میں صبر وشکر کا دامن نہ چھوڑیں، جس قدر اس سفر میں تواضع اور عاجزی اختیار کریں گے اسی اعتبار سے من جانب اللہ مقبولیت اور محبوبیت میں اضافہ ہوگا۔ اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے بھی عازمین سے ملاقات کرکے ان کی مبارکباد پیش کی۔ حاجیوں سے ملاقات کے لئے آئے ہوئے تمام لوگوں نے عازمین سے عالم اسلام کی سلامتی، ملک کے امن و امان، ریاست کی خوشحالی، ضلع کی تعمیر و ترقی، معاشرے کی اصلاح اور امت کے اتحاد و اتفاق کے لئے خصوصی دعاؤں کے لئے کہا۔ پروگرام کے اختتام پزیر ہونے سے قبل امام جدید جامع مسجد رام بن مولانا نذیر احمد نے تمام رضاکار و معاونین اور ضلعی انتظامیہ کے اعلی افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مشغولیات و مصروفیات کے باوجود اپنے اوقات کو فارغ کرکے عازمین حج سے عقیدت و محبت میں انہیں الوداع کرنے کے لئے تشریف لائے۔ مجلس کا اختتام مولانا گل محمد فاروقی مہتمم مدرسہ قاسم العلوم رام بن کی دعا پر ہوا۔ مجلس کی نظامت کے فرائض مفتی اعجاز احمد قاسمی نے انجام دئے ، جب کہ جدید جامع مسجد کی انتظامیہ کمیٹی کے اراکین و صدر الحاج خورشید احمد خان، محمد شوکت مغل، چودھری عبد الغنی سرپنچ وغیرہ نے عازمین حج کا ضیافت کے ساتھ ساتھ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ عازمین کی گاڑی کی روانگی کے وقت عاشقان نبی اپنی اپنی جانب سے پرنم آنکھوں کے ساتھ جذبات کو قابو میں رکھتے ہوئے عازمین و زائرین سے روضۂ اقدس پر صلوٰۃ و سلام پیش کرنے کی درخواست کر رہے تھے اس روحانی منظر کو دیکھ کر کئی لوگوں کی آنکھیں آبدیدہ ہوگئیں۔