تھنہ منڈی +راجوری //راجوری سے عازمین حج کا پہلا قافلہ سفر محمود کیلئے روانہ ہوگیا جسے ڈپٹی کمشنر محمد اعجاز اسد نے ہری جھنڈی دکھائی ۔اس موقعہ پر ایس ایس پی یوگل منہاس ، اے ڈی سی شیرسنگھ ، ایڈیشنل ایس پی محمد یوسف ،اے سی آر اے قیو میر ، ایڈمنسٹریٹر اوقاف اے قیو ڈارو دیگر افسران و معززین اور عازمین کے گھر والے بھی موجو دتھے ۔راجوری سے پہلے قافلے میں 110عازمین سفر محمود کیلئے روانہ ہوئے ہیں جن کیلئے انتظامیہ کی طرف سے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیاگیاتھا۔راجوری سے یہ عازمین سرینگر کیلئے روانہ ہوئے ہیں جہاں سے انہیں بذریعہ ہوائی جہاز مدینہ منورہ کیلئے بھیجایاجائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے عازمین حج سے دعائوں کی درخواست کرتے ہوئے ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ ضلع سے عازمین کا دوسرا قافلہ انیس جولائی کو روانہ ہوگا۔دریں اثناء تحصیل تھنہ منڈی کا 83 عازمین پر مشتمل قافلہ سفر محمود پر روانہ ہوا۔ تحصیل تھنہ منڈی کے 52 مرد اور 31 مستورات پر مشتمل عازمین کوروانہ کرنے کے وقت تحصیل کمپلیکس میں سب ڈیویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی محمد افضل مرزا، تحصیلدار تھنہ منڈی قاضی قدیر الرحمن، ایس ایچ اوانسپکٹر نذیر احمد ڈار، ایگزیکٹو آفیسر کبیر احمد ملک، نیشنل کانفرنس بلاک صدر مشتاق احمد شال، بلاک صدر پی ڈی پی محمد اقبال رینہ، زونل صدر پی ڈی پی محمد اقبال شاہ، سکریٹری کانگریس شکیل احمد میر، سما جی کارکن شمیم احمد مغل کے علاوہ عازمین کے عزیزو اقارب کا جمع غفیر موجود تھا۔ ان عازمین کو بذریعہ مغل شاہراہ روانہ کیاگیاہے ۔اس دوران عازمین کیلئے مشروبات و دیگر اشیاء کا بندو بست کیا گیاتھا۔ امام خطیب مرکزی جامع مسجد تھنہ منڈی مفتی عبدالرحیم قاسمی ضیائی نے سفر محمود پر جانے والے عازمین سے دعائوں کی درخواست کی اور حج کے فضائل پر روشنی ڈالی ۔مقامی لوگوں نے مانگ کی ہے کہ تھنہ منڈی میں حج ہائوس بنایاجائے کیونکہ پور ے ضلع کے عازمین یہیں سے گزر کر مغل شاہراہ کے راستے سرینگر روانہ ہوتے ہیں۔مقامی شخص حاجی نصیر احمد نے کہا کہ تھنہ منڈی ایک مرکز بن چکا ہے اور ضلع راجوری کے تمام حاجی براستہ مغل روڈ سفر کرتے ہیں جن کیلئے قیام کی خاطر یہاں حج ہائوس کی تعمیر عمل میں لائی جائے۔