دبئی/ سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے چنئی سپرکنگس کے خلاف آئی پی ایل مقابلے میں ملی سات رن کی جیت میں آخری اوور 18 سالہ نوجوان آل راونڈر عبدالصمد کو دینے کے سلسلے میں کہا کہ صمد نے میچ میں کافی اچھی گیندبازی کی تھی اسی وجہ سے انہیں آخری اوور دیا۔ دبئی میں جمعہ کے روز مقابلے میں چنئی کو آخری چھ گیندوں پر 28 رن درکار تھے ۔ کریز پر کپتان مہندر سنگھ دھونی اور سیم کیرن کی جوڑی موجود تھی۔ لیگ اسپنر عبدالصمد آخری اوور کر رہے تھے اور انہوں نے پہلی گیند پر پانچ وائیڈ رن دے ڈالے تھے ۔ ان کے سامنے دھونی جیسا فنیشر موجود تھا لیکن صمد نے دھونی کو بڑے شاٹ کھیلنے سے روکے رکھا۔ پہلی گیند پر دورن گئے ۔ دوسری گیند پر دھونی کے بلے سے سیدھا چوکا گیا۔ عبدالصمد نے تیسری گیند پر ایک رن دیا۔ چوتھی گیند پر ایک رن ہی دیا جس کی وجہ سے جیت حیدرآباد کے ہاتھوں میں آگئی۔ حالانکہ آخری گیند پر کیرن نے چھکا لگایا لیکن نوجوان گیندباز نے اپنے کپتان کا ان پر بھروسہ برقرار رکھا۔ وارنر نے صمد کو آخری اوور دیئے جانے کے سلسلے میں "میرے پاس کوئی متبادل نہیں تھا۔" ہم نے 19 ویں اوور میں خلیل احمد کو گیندبازی دے کر میچ کو ختم کرنے کی کوشش کی۔ ہم ابھیشیک شرما کو آخری اوور دے سکتے تھے ، لیکن صمد نے جس طرح سے میچ میں عمدہ گیندبازی کی تھی ایسے میں انہیں ہی آخری اوور میں گیندبازی کرنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وکٹ پچھلے میچ سے کافی بہترتھا۔یہ کافی چیلنجنگ بھی تھا۔ نوجوانوں کے لئے میرا یہ پیغام ہے کہ وہ کھل کر کھیلیں اور ٹیم کے لئے رن بنائیں۔ یواین آئی