عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//محکمہ صنعت و حرفت نے جموں و کشمیر کے دو نمایاں کاریگروں کو مبارکباد پیش کی ہے جنہیں آج نئی دہلی میں وزارتِ ٹیکسٹائلز کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں صدرِ جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے قومی اعزازات سے نوازا۔محکمہ نے دو دیگر کاریگروں کو بھی مُبارکباد پیش کی جنہیں آج کی تقریب میں اَپنے اَپنے ہنر میں نمایاں خدمات پر سر ٹیفکیٹ آف ایکسی لینس سے نوازا گیا۔ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم محکمہ کشمیر کے ایک ترجمان نے کہا کہ یہ اعزاز منظور احمد خان جو رعنا واری کے معروف قالین باف ہیں اور خواجہ نذیر علی جو علمگری بازار سرینگر کے ممتاز سوزنی کار ہیں، کی غیر معمولی مہارت، زندگی بھر کی محنت اور ان کے قیمتی تعاون کا بہترین اعتراف ہے جنہیں قومی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اسی طرح مشکورہ حمید (سوزنی بڈگام) اور میر اِرشاد حسین (پیپر ماشی سرینگر) کو سر ٹیفکیٹ آف ایکسی لینس سے نوازا گیا جنہوں نے جموں و کشمیر کی امیر دستکاری روایات کے تحفظ اور ترویج میں اہم کردارادا کیا۔انہوں نے مزید کہا’’محکمہ اِنتہائی فخر اور خوشی محسوس کرتا ہے کہ دو ماسٹر کاریگروں کو قومی سطح کی اعلیٰ ترین شناخت سے نوازا گیا اور دودیگر کو سر ٹیفکیٹ آف ایکسی لینس ملا‘‘۔