عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے کل گورنمنٹ ڈینٹل کالج سری نگر میں پوسٹ گریجویٹ ریسرچ پروگرام (پی جی آر پی) کنکلیو۔2026 کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر اْنہوں نے ڈاکٹروں، ماہرینِ تعلیم، محققین اورطلبا کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صحت شعبے کو مضبوط بنانے اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لئے تحقیق اور اِختراع کی اہمیت کو اْجاگر کیا۔
اْنہوں نے کہا کہ پی جی آر پی کنکلیو جیسے پلیٹ فارمز نوجوان طبی ماہرین اور سکالروں کو اَپنی تحقیقی صلاحیتیں پیش کرنے، خیالات کا تبادلہ کرنے اور طبی سائنس میں ترقی کے لئے اَپنا کردار اَدا کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔وزیرموصوفہ نے نوجوان ڈاکٹروں اور محققین پر زور دیا کہ وہ اخلاقی طبی اصولوں پر کاربند رہیں اور مریضوں کی نگہداشت اور سائنسی تحقیق میں بہترین کارکردگی کے لئے کوششیں جاری رکھیں۔ اْنہوں نے صحت ڈھانچے کو مضبوط بنانے، طبی تعلیم کو فروغ دینے اور پورے یوٹی میں تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومت کے عزم کو بھی اْجاگر کیا۔اِس موقعہ پر پرنسپل گورنمنٹ ڈینٹل کالج سری نگر نے کنکلیو کے مقاصد کے بارے میں مختصر خاکہ پیش کیا۔تقریب کے دوران وزیرصحت سکینہ اِیتو نے طلبا? اور فیکلٹی اراکین سے بھی بات چیت کی اور علمی و طبی میدان میں ان کی خدمات کو سراہا۔ اْنہوں نے ریسرچ کنکلیو۔2026 کے نیوز لیٹر کی رسم رونمائی بھی اَنجام دِی۔