شہر کی آبادی مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے: ساگر

سرینگر// نیشنل کانفرنس ضلع سرینگرکے انچارج حلقہ جات کا ایک اجلاس پارٹی ہیڈکوارٹر پر جنرل سکریٹری علی محمد ساگر کی صدارت میںمنعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد، سینئر لیڈران مبارک گل، محمد سعید آخون، عرفان احمد شاہ، تنویر صادق اور احسان پردیسی موجود تھے۔ اجلاس میں ضلع سرینگر کے پارٹی امور، سیاسی صورتحال، عوام کو درپیش مشکلات، اقتصادی اور معیشی بدحالی، بے روزگاری اور ممبرشپ مہم جیسے معاملات زیر بحث آئے۔ اجلاس کے شرکاء نے اپنے خیالات اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہرسرینگر کی بیشتر آبادی اس وقت زبرست مشکلات سے دوچار ہے۔ گذشتہ برسوں سے جاری غیر یقینیت اور بے چینی سے شہری آبادی سب سے زیادہ متاثرہوئی ہے ۔ بے روزگاری اور کساد بازی نے پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ گرمیوں کے ایام میں بھی بجلی کٹوتی جاری ہے اور پانی کی قلت سے بھی لوگ پریشانِ حال ہیں۔ حالات کی خرابی، مسلسل لاک ڈائون، بے روزگاری اور بے کاری نے نوجوان پود کو ذہنی تنائو کا شکار بنا یا ہے۔ نئی نسل اس وقت خود کو پشت بہ دیوار محسوس کررہی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کہا کہ شہر سرینگر کے لوگ اس وقت مشکل ترین دور سے گذر رہے ہیں۔ حکومت کی عوام کُش پالیسیوں سے یہاں کی آبادی کو نااُمیدی اور مایوسی کے دلدل میں دھکیلا جارہا ہے۔ انتظامی سطح پر لوگوں کی راحت رسانی کے بجائے آئے روز ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں۔