لوگوں کو حالات کے رحم کرم پرچھوڑنے کاالزام
بلال فرقانی
سرینگر// پائین شہر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان آوارہ کتوں نے گلیوں،کوچوں اور سڑکوں پر دہشت زدہ ماحول بپا کیا ہے۔ ڈائون ٹائون کے ذالڈگر، عشائی کوچہ، فتح کدل، مجاہد منزل، نواب بازاراور دیگر علاقوں کے شہریوں نے ان علاقوں میں آوارہ کتوں کی تعداد میں اضافہ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا گھروں سے اب باہر نکلنا محال ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کتوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ متعلقہ ایجنسیوں کیلئے اگر چہ فکرمندی کا سامان ہونا چاہے تاہم انہوں نے شہریوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔عشائی کوچہ ذالڈگر کے ایک شہری اعجاز احمد نے بتایا کہ ان کے علاقہ میں آوارہ کتوں نے گلیوں،کوچوں اور سڑکوں پر اپنا راج قائم کیا ہے،اور بچوں و بزرگوں کا گھروں سے نکلنا اب وبال جان بن چکا ہے۔اعجاز احمد نے بتایا کہ آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں بھی ہوش ربا اضافہ ہوا ہے،اور صدر اسپتال کے اعداد شمار اس بات کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔ ایک اور شہری عادل احمد نے بتایا کہ علاقے کے لوگوںنے کئی بار متعلقہ ایجنسیوں اور اداروں سے بھی رابطہ قائم کیا تاہم وہ ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں۔ عادل نے براہ راست سرینگر میونسپل کارپوریشن پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کتوں کی نسبندی کے حوالے سے متعلقہ محکمہ خواب خرگوش میں ہیں۔ اعجاز کا کہنا تھا کہ کئی بار انہوں نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے افسراں اور اہلکاروں کو ان کے علاقے کے کتوں کی نسبندی کرنے کی اپیل کی تاہم اس فریاد کو سرد خانے کی نذر کردیا گیا۔