سرینگر// سابق حکمران جماعت پی ڈی پی نے شہریوں کی پے درپے ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے استعفیٰ کی مانگ کی ہے۔ جمعہ کو پارٹی صدر دفتر پر پی ڈی پی کارکنوںنے شہری ہلاکتوں کیخلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی پی ڈی پی کارکنوں نے پارٹی صدر دفتر سے لالچوک تک جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ان کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے انہیں گیٹ سے باہر آنے نہیں دیا۔ اس موقعہ پرپی ڈی پی ترجمان سہیل بخاری نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وادی میں حالیہ شہریوں کی ہلاکت کے بعد لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھوچکے ہیں۔ انہوںنے کہا، ’’گزشتہ2برسوں سے مرکزی وزارت داخلہ براہ راست وادی کی سلامتی کی صورتحال کو کنٹرول کررہی ہے اور آپ دیکھے کہ آج ہم کدھر جارہے ہیں‘‘۔ سہیل بخاری نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وادی کی بگڑی صورتحال کی ذمہ داری مرکزی حکومت اوراس کی انتظامیہ پر ہے۔ انہوںنے کہا، ’’کوئی کشمیری آج محفوظ محسوس نہیں کررہا ہے اور صورتحال بدتر ہوئی ہے اور ہم فوری طور پر لیفٹیننٹ گورنر کے مستعفی ہونے کی مانگ کررہے ہیں‘‘۔سہیل بخاری نے کہا، ’’ہم مرکزی حکومت سے یہ پوچھتے ہیں کہ اگر جنگجوئت ختم ہوچکی ہے اور صورتحال معمول پر ہے تو یہ کیوں ہورہا ہے‘‘؟ سہیل بخاری نے کہاکہ شہریوں کی ہلاکت افسوسناک ہے اور یہ کشمیریت کے خلاف ہے۔