لکھنؤ //وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے زرعی قوانین کو واپس لئے جانے کے اعلان کے بعد کئی مسلم تنظیموں اور سماجی کارکنان نے اب حکومت سے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ امروہہ سے بی ایس پی کے رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی نے سی اے اے کو بلا تاخیر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کنور دانش علی نے ٹوئٹ کیا، ’’تین زرعی قوانین کو منسوخ کرنا ایک خوش آئند اقدام ہے۔ میں طاقتور ریاستی اقتدار اور ان کے سرمایہ دار دوستوں سے لڑنے، قربانی دینے اور جیتنے کے لیے کسانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم مودی کو 'بغیر کسی تاخیر کے’ سی اے اے پر نظر ثانی کر کے قانون کو منسوخ کرنا چاہیے۔‘‘جمعیۃ علما ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے بھی تین زرعی قوانین کو واپس لینے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے اور کسانوں کی کامیابی کو سراہا۔ ارشد مدنی نے دعویٰ کیا کہ سی اے اے کے خلاف تحریک نے کسانوں کو زرعی قوانین کی مخالفت کرنے کی ترغیب دی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ زرعی قوانین کی طرح سی اے اے کو بھی واپس لیا جائے۔