یواین آئی
نئی دہلی// نائب صدر جمہوریہ ہند جگدیپ دھنکھڑ نے شہریت ترمیمی قانون پر سیکھ دینے والوں کو مسترد کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زمینی حقیقت سے واقف نہیں ہیں۔جمعرات کو یہاں امریکن بار ایسوسی ایشن اسپرنگ کانفرنس کے دوسرے ایڈیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے مسٹر دھنکھڑ نے کہا کہ ہندوستان نے اپنی طویل تاریخ میں کئی مذہبی برادریوں کو پناہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور دیگر اداروں کا استعمال سی اے اے کے بارے میں جاہلانہ تبصرے کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تبصروں کو سختی سے مسترد کرنے کی ضرورت ہے۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ سی اے اے ہمارے پڑوس میں مذہبی بنیادوں پر ستائے جانے والے لوگوں کو راحت فراہم کرنے کے لئے ہے۔ اس کی وجہ سے کوئی بھی شہریت سے محروم نہیں ہو رہا ہے۔ سی اے اے کے تحت شہریت کے لیے 2014 کی ’’کٹ آف ڈیٹ‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس کا فائدہ اٹھانے کے لیے مدعو نہیں کیا جا رہا ہے۔ اس کا فائدہ ان لوگوں کو مل رہا ہے جو اس ملک میں پہلے سے موجود ہیں۔ یہ لوگ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے اس ملک میں موجود ہیں۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ زمینی حقیقت سے ناواقف رہتے ہوئے سیکھ دینے والوں کی سرزنش کی جانی چاہیے۔