عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے ضلع شوپیاں کے چناپورہ گاؤں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز کا محاصرہ اور تلاشی مہم پیر کے روز بھی مسلسل جاری ہے۔ یہ کارروائی اسی علاقے میں گزشتہ ہفتہ کو ملی ٹینٹوںکے ساتھ ہونے والی ایک مختصر جھڑپ کے دو دن بعد عمل میں لائی جا رہی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق، جموں و کشمیر پولیس، ہندوستانی فوج اور سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم اس بڑے پیمانے کے سرچ آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔سیکورٹی حکام کو شبہ ہے کہ کم از کم دو ملی ٹینٹ اب بھی علاقے کے گھنے جنگلاتی حصوں میں روپوش ہیں۔
یہ سرچ آپریشن گاؤں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق موصول ہونے والی پختہ انٹیلی جنس معلومات (خفیہ اطلاعات) کی بنیاد پر شروع کیا گیا تھا۔ سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کے فرار ہونے کے تمام ممکنہ راستوں کو مسدود کرنے کے لیے ناکہ بندی کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔علاقے میں پوزیشنوں کو مزید مضبوط کر دیا گیا ہے اور چپے چپے پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ چھپے ہوئے شرپسندوں کو جلد از جلد بے نقاب کیا جا سکے۔
شوپیاں میں سیکورٹی فورسز کا بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری