شوپیان// شوپیان اور پلوامہ میں کئی دیہات کاکریک ڈائون کے دوران لاوڈ اسپیکروں کے ذریعہ جنگجوئوں کو سرنڈر کرنے کیلئے کہا گیا اور روشنیوں کا انتظام کر کے تلاشیاں لیں گئیں۔گنائی محلہ چتراگام زینہ پورہ کا فسٹ آر آر، 178بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے محاصرہ کیا اور قریب 6بجے بستی کی ناکہ بندی کرنے کیساتھ لاوڈ اسپیکروں کے ذریعہ اعلانات کئے گئے کہ بستی میں اگر کوئی جنگجو موجود ہے تو وہ ہتھیار پھینک کر سرنڈر کرے۔ بستی کے چاروں طرف روشنیوں کا بھی انتظام کیا گیا جس سے بستی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔لیکن بظاہر گائوں میں کوئی جنگجو موجود نہیں تھا۔اسکے بعد گھر گھرتلاشی آپریشن شروع کیا گیا جو رات دیر گئے تک جاری رہا۔تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکتی۔اتوار کی شب قریب 9بجے 62آر آر، 178بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ پولیس کے خصوصی آپریشن گروپ نے سدھو شوپیان کا شبانہ محاصرہ کیا اور بڑے پیمانے پر تلاشیاں لیں گئیں۔ یہاں کئی گھنٹوں تک آپریشن جاری رکھا گیا لیکن اسکے فوراً بعد ساڑھے 10بجے کے قریب چھوٹی پورہ شوپیان کو بھی محاصرے میں لیا گیا اور رات بھر تلاشی آپریشن کیا گیا۔تاہم کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔ادھرفوج نے قصبہ پلوامہ کے ڈلی پورہ،چاٹہ پورہ،ملک پورہ اور نیو کالونی میں کئی مکانوں میں تلاشیاں لیں۔ اتوار کی شام جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد 55آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں دوران قصبہ پلوامہ کے متذکرہ بستیوںکا محاصرہ کیا۔اس دوران کئی مکانوں کی تلاشیاں لیں گئیں۔ بعد میں محاصرہ ختم کیا گیا۔