عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بدھ کی صبح جنوبی کشمیر کے شوپیان قصبہ، کولگام کے بڈجی ہالن گلزار آباد،شاہ آباد بالا اور اسکے ملحقہ علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی۔شوپیان کے میدانی علاقوں میں یہ اس موسم کی پہلی برفباری تھی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پانچ دس منٹ تک ہلکی برفباری ہوئی اور اسکے بعد تھم گئی۔موسمیاتی مرکز سرینگر نے بدھ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں 22 جنوری تک بڑے پیمانے پر خشک اور مستحکم موسمی حالات دیکھنے کا امکان ہے، اس مدت کے دوران کسی بڑی موسمی خرابی کی توقع نہیں ہے۔محکمہ کی پیشن گوئی کے مطابق، مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 7 سے 15 جنوری تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ تاہم، 16 اور 17 جنوری کو کشمیر ڈویژن میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش یا برف باری کے ساتھ عام طور پر ابر آلود حالات دیکھ سکتے ہیں۔ 18 اور 19 جنوری کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جب کہ 20 جنوری کو کشمیر کے الگ تھلگ اونچے مقامات پر ہلکی برفباری کے ساتھ عام طور پر ابر آلود آسمان دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ اس کے بعد 21 اور 22 جنوری کو جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔موسمیاتی مرکز نے واضح کیا کہ 22 جنوری تک موسم کی کوئی خاص سرگرمی متوقع نہیں ہے۔محکمہ نے 10 جنوری تک کم سے کم درجہ حرارت میں نمایاں کمی کی ایڈوائزری وارننگ جاری کی ہے جس کے بعد درجہ حرارت میں 1 سے 2 ڈگری سیلسیس تک اضافے کا امکان ہے۔اس نے مزید خبردار کیا کہ جموں ڈویژن کے میدانی علاقوں میں درمیانے درجے کی دھند پڑنے کا امکان ہے، الگ تھلگ جگہوں پر گھنی دھند کے ساتھ، اگلے پانچ دنوں تک یہ حالت برقرار رہنے کی توقع ہے۔
سرد راتیں
وادی کشمیر سردی کی لپیٹ میں ہے اور خطے کے بیشتر حصوں میں رات کا درجہ حرارت صفر سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔ حکام نے بدھ کو بتایاکہ وسطی کشمیر کے سونمرگ میں سب سے سردی ریکارڈ کی گئی یہاںمنگل کی رات منفی 10.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ گلمرگ میں رات کا درجہ حرارت ایک ڈگری سے بہتر ہو کر منفی 7.6 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ، پہلگام میں منفی 7.2 ، قاضی گنڈ میں 0.1 ،کوکرناگ میں منفی 2.3 اور کپواڑہ میں منفی 3.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ادھر جموں میں 8.7، بانہال 2.3،بٹوٹ 3.1،کٹرہ 6.4،بھدرواہ منفی 2.6،ادہم پور 6.6،رام بن 7.2،سانبہ 6.6، راجوری 1.0،کشتواڑ 0.1، ریاسی 8.3، ڈوڈہ 2.5ڈگری درج کیا گیا۔لداخ کے لیہہ علاقے میں منفی 13.4، دراس میں منفی8 22.،نیوما میں منفی 20.2اور پدم میں منفی 16.8درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔