سرینگر// جنوبی کشمیر میں محکمہ بجلی کے ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں جس کے نتیجے میں2500کے قریب عارضی اور مستقل ملازمین مشکلات سے دوچارہیں۔ شوپیاں اور پلوامہ اضلاع کے بجلی ملازمین کو گزشتہ ماہ تنخواہ نہیں دی گئی۔ محکمہ بجلی کے ملازمین نے محکمہ خزانہ کو اس غفلت شعاری کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ان سب ڈویژنوں میں تعینات چیف اکائونٹس افسر سبکدوش ہوا ہے جس کے بعد کسی بھی نئے افسر کو تعینات نہیں کیا گیا اور2500کے قریب ملازمین مئی کی تنخواہ سے محروم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ1745عارضی اور725مستقل ملازمین کو تنخواہیں فراہم نہیں کی گئی۔ ملازمین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اکاونٹس افسر کو تعینات کیا جائے تاکہ ملازمین کی واجب الادا تنخواہ واگزار کی جائے۔