جموں//راجیہ سبھا کے ممبر شمشیر سنگھ منہاس نے رائے پور دومانہ کے بڑروڈ پنچایت حلقے میں ضرورت مند افراد میں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔ اِس موقعہ پر اُنہوںنے کہا ’’ وقت کا تقاضا ہے کہ لوگ ایک دوسرے کی مدد کریں‘‘۔اُنہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو وزیر اعظم نریندر مودی کے مشوروں پر عمل کرنا چاہئے تاکہ حاجت مندوں کی ضروریات کوپورا کیا جاسکے۔انہوں نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ کووِڈ۔19 کے پھیلائو کو روکنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔اس دوران کمشنر سیکریٹری محنت و روزگار سوربھ بھگت نے مارویل مارکیٹ اور گریٹر کیلاش جموں میں مائیگرنٹ ورکروں میں ماسک اور کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔سوربھ بھگت نے بین ریاستی مائیگرنٹ ورکروں کی بستیوں کا دورہ کیا اور انہیں یقین دِلایا کہ حکومت موجودہ صورتحال کے مدنظر اُنہیں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے اِن ورکروں کو کورونا وائرس کی روکتھام کے لئے ذاتی صحت و صفائی یقینی بنانے کی اہمیت کے بارے میں بھی جانکاری دی۔کمشنر سیکرٹری نے مارویل مارکیٹ اور گریٹر کیلاش جموں میں ورکروں میں 50راشن پیکٹ تقسیم کئے ۔