یو این آئی
نئی دہلی/ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کی توسیع میں آج ایک تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پورے شمال مشرقی ہندوستان (نارتھ ایسٹ) کے لیے چھ جدید ترین انڈور کرکٹ اکیڈمیوں کا افتتاح کیا۔وزیراعظم نے سکم کے دارالحکومت گنگٹوک میں منعقدہ ایک ریاستی تقریب کے دوران ورچوئل وسیلے سے ان سہولیات کا افتتاح کیا۔ یہ قدم شمال مشرقی خطے میں کھیلوں کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کی سمت میں انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے ۔
بی سی سی آئی کی جانب سے تیار کردہ یہ اکیڈمیاں
رنگپو (سکم)
دوئیمکھ (اروناچل پردیش)
امپھال (منی پور)
مدن کورکلانگ (میگھالیہ)
آئیزول (مزورم)
دیما پور (ناگالینڈ) میں واقع ہیں۔
یہ نیٹ ورک پورے شمال مشرقی خطے میں پہلا ‘پین نارتھ ایسٹ’ ہائی پرفارمنس ایکو سسٹم تشکیل دیتا ہے ، جس سے عالمی معیار کی تربیت اب مقامی سطح پر سب کے لیے دستیاب ہوگی۔تقریب میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین جے شاہ، بی سی سی آئی کے عہدیداران اور سینئر حکام نے شرکت کی، جبکہ دیگر پانچ ریاستوں کے منتظمین ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منسلک ہوئے ۔ اس کا سنگِ بنیاد مئی 2024 میں رکھا گیا تھا۔ اس کا مقصد ابھرتے ہوئے خطوں میں کرکٹ کے ڈھانچے کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنا ہے ۔ان اکیڈمیوں کو ‘ہائی پرفارمنس سینٹرز کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے ، جہاں انڈور پریکٹس پچز ہیں جہاں بارش کے دوران بھی مشق جاری رکھنے کی سہولت۔ کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس کے لیے درجہ حرارت کنٹرولڈ پولز اور انتظامی اور پیشہ ورانہ تربیت کے لیے مخصوص حصے جیسی سہولیات میسر ہوں گی۔ان سہولیات کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ شمال مشرقی خطے کے طویل مون سون سیزن کے باوجود کھلاڑی پورا سال تربیت حاصل کر سکیں گے اور انہیں اب پیشہ ورانہ کوچنگ کے لیے ملک کے دوسرے حصوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔