ادہم پور//فوج کے شمالی کمانڈ کے ہیڈ کواٹر ادہمپور میں سالانہ ’روڈ کانفرنس ‘اختتام پذیرہو گئی ہے ۔ 25اکتوبر کو شروع ہوئی دو روزہ سالانہ کانفرنس کو منعقد کر نے کا مقصد ریاست جموں و کشمیر میں سڑک رابطہ پروجیکٹوں کے جائزہ کے ساتھ ساتھ خلل آنے والی جگہوں کا تعین کرنا تھا تاکہ رکاوٹوں کو ہٹاکر جموں ،کشمیر اور لداخ میں بہترین رابطہ نظام فراہم کیا جاسکے ۔یاد رہے فوج اور بی آر او ریاست جموں و کشمیر میں سڑک رابطوں کو بحال کرنے اور اس سلسلہ میں جاری پروجیکٹوں میں سب سے بڑے حصہ دار ہیں جبکہ ان دونوں محکموں کی جانب سے ریاست میں ہر موسم میں سڑک رابطوں کو بحال رکھنے کیلئے دیہی اور دور دراز علا قوں میں کام کیا جاتا ہے ۔اس کانفرنس کے پہلے دن شمالی کمانڈ کے سنیئر آفیسران اور بی آر ائو کے چیف انجینئر ز موجود تھے۔اس کانفرنس کے اختتامی پروگرام میں سیول انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران بھی موجود تھے جن سے فوجی آفیسران نے مختلف نوعیت کے معاملات میں حمایت کی مانگی۔ اس کانفرنس کے دورا ن مختلف پروجیکٹوں کے زیر تحت آنے والی زمینوں کے معاوضے کے کیسوں کیساتھ ساتھ جنگلاتی اراضی ،مشترکہ سروے اور کام کی ادائیگی پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے فوجی آفیسران نے آپسی تال میل ،مستعد پلاننگ ،نئی و جدید ٹیکنا لوجی کو استعمال کرنا وغیرہ پر زور دیا گیا ۔