اہم اور لنک روڈز کی بحالی کے لئے برف ہٹانے کا کام جاری، کچھ سڑکیں جزوی طور پر بحال
سمت بھارگو
راجوری//حالیہ شدید برف باری نے پیر پنجال خطے میں زمینی رابطے کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، جس کے باعث راجوری اور پونچھ اضلاع کی متعدد اہم سڑکیں تاحال بند پڑی ہیں جبکہ کئی لنک روڈز پر آمد و رفت معطل ہے۔ متعلقہ محکمے سڑکوں کی جلد از جلد بحالی کے لیے برف ہٹانے کے کام میں مصروف ہیں۔راجوری اور پونچھ کے بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ ضلع ریاسی کے وہ حصے جو راجوری کی سرحد سے متصل ہیں، 22 جنوری سے 24 جنوری تک شدید برف باری کی لپیٹ میں رہے۔ منگل کے روز بھی ہلکی برف باری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا، جس سے بحالی کے کام میں مزید مشکلات پیش آئیں۔شدید برف باری کے باعث کئی اہم شاہراہیں بند ہو گئیں جن میں جموںراجوری۔پونچھ نیشنل ہائی وے، سرنکوٹ،تھنہ منڈی روڈ، بھمبر گلی۔بالاکوٹ روڈ، مینڈھر۔کے جی پونچھ روڈ، بھمبر گلی–مینڈھر روڈ، راجوری کوٹر نکہ–بدھل روڈ اور کوٹرنکہ–خواص روڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ درجنوں دیہی رابطہ سڑکیں بھی بند ہو گئیں۔اطلاعات کے مطابق راجوری اور پونچھ اضلاع کو دیرہ کی گلی کے راستے ملانے والی بین الاضلاعی سڑک، جسے راجوری–تھنہ منڈی–سرنکوٹ روڈ کہا جاتا ہے، دیرہ کی گلی کے مقام پر تاحال بند ہے جہاں بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) برف ہٹانے کا کام کر رہی ہے۔اسی طرح مغل روڈ مکمل طور پر بند ہے۔ بی آر او نے اسے چندی مارہ ڈوگراں تک جزوی طور پر بحال کیا ہے جبکہ فوجی کیمپ پوشانہ تک سڑک کھولنے کی کوششیں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق مغل روڈ کے پورے حصے پر برف ہٹانے کا فیصلہ ابھی زیر غور ہے۔راجوری ضلع ہیڈکوارٹر اور کوٹرنکہ سب ڈویژن کے درمیان متبادل رابطہ فراہم کرنے والی کنڈی۔جمولہ لنک روڈ بھی بند ہے۔ تاہم کوٹرنکہ–خواص روڈ جو چار روز تک بند رہی، منگل کی شام بحال کر دی گئی۔سب سے زیادہ متاثرہ کوٹرنکہ سب ڈویژن کے تحصیلدار سید ساحل علی نے بتایا کہ سب ڈویژن کی تمام بڑی سڑکیں اب بحال کر دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق راجوری۔کوٹرنکہ۔بدھل روڈ تین دن اور کوٹرنکہ۔خواص روڈ چار دن تک بند رہنے کے بعد دوبارہ کھول دی گئی ہیں، جبکہ اب توجہ باقی ماندہ لنک روڈز کی بحالی پر مرکوز ہے۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک راجور۔پونچھ شیو کمار نے کہا کہ بیشتر اہم سڑکیں بحال ہو چکی ہیں، لیکن کئی مقامات پر برف جم جانے کے باعث پھسلن برقرار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منڈی لوران اور منڈی سوجیاں سڑکیں بحال تھیں مگر تازہ برف باری کے بعد منگل کی سہ پہر دوبارہ بند کر دی گئیں۔انتظامیہ نے لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ سڑکوں کی مکمل بحالی کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔