محتشم احتشام
پونچھ//حالیہ شدید برفباری کے دوران ضلع پونچھ، راجوری، پونچھ تا جموں اور دیگر متاثرہ علاقوں میں بارڈر روڈ آرگنائزیشن کی جانب سے انجام دئیے گئے بروقت اور مؤثر اقدامات کی ستائش کی جا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں میں معروف اینکر پردیپ کھنہ اور سماجی کارکن و چیئرمین پیر پنجال عوامی ڈیولپمنٹ فورم محمد فرید ملک نے او سی گریف آشیش رنجن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے بالخصوص طوطاگلی اور بی جی کے درمیان شدید برفباری کے باعث بند ہونے والے راستے کو قلیل وقت میں بحال کرنے، خراب موسمی حالات کے باوجود برف ہٹانے، اور راستے میں پھنسے عام شہریوں کو بحفاظت نکالنے پر او سی گریف آشیش رنجن اور ان کی ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں فوری فیصلے اور عملی اقدام عوامی اعتماد کو مضبوط کرتے ہیں۔ملاقات کے دوران یہ بھی کہا گیا کہ بارڈر روڈ آرگنائزیشن کی جانب سے مختلف علاقوںخصوصاً ساوجیاں سمیت سرحدی اور دشوار گزار خطوںمیں سڑکوں کی تعمیر و دیکھ بھال کا معیار قابلِ تعریف ہے۔ او سی گریف آشیش رنجن کی قیادت میں منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس کے مثبت اثرات براہِ راست عوامی سہولت پر مرتب ہو رہے ہیں۔اس موقع پر او سی گریف آشیش رنجن نے یقین دہانی کرائی کہ مغل روڈ پر سے برف جلد ہٹائی جائے گی تاکہ راجوری، پونچھ اور کشمیر کے درمیان آمد و رفت بحال ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت اور مسافروں کی سلامتی گریف کی اولین ترجیح ہے۔پردیپ کھنہ اور چیئرمین محمد فرید ملک نے بارڈر روڈ آرگنائزیشن اور بالخصوص او سی گریف آشیش رنجن کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے موجودہ قیادت کے عوام دوست وڑن کو سراہا اور اسے قابلِ تعریف قرار دیا۔