سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے سب ڈویژن کوٹرنکہ کے مختلف علاقوں میں منگل کے روز ہونے والی شدید بارش کے بعد نالیاں اور سیوریج نظام اوور فلو ہو گیا، جس کے نتیجے میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے باعث کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا جبکہ گندا پانی سڑکوں پر بہنے لگا جس سے نہ صرف آمد و رفت متاثر ہوئی بلکہ صفائی اور صحت عامہ سے متعلق خدشات بھی پیدا ہو گئے۔مقامی ذرائع کے مطابق دوپہر کے بعد شروع ہونے والی موسلا دھار بارش نے پورے علاقے میں معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دئیے۔
متعدد علاقوں میں نکاسی آب کا نظام بارش کے پانی کا دباؤ برداشت نہ کر سکا جس کے باعث نالیاں اْبل پڑیں اور گندا پانی سڑکوں اور بازاروں میں پھیل گیا۔سب سے زیادہ متاثرہ مقامات میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کوٹرنکہ کے باہر کا علاقہ شامل رہا جہاں بارش کا پانی سیوریج کے گندے پانی کے ساتھ مل کر مرکزی سڑک پر بہنے لگا۔ ہسپتال کے سامنے سڑک پر گندا پانی جمع ہونے سے مریضوں، تیمارداروں، راہگیروں اور گاڑی چلانے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال جیسے حساس مقام کے باہر گندے پانی کا جمع ہونا انتہائی تشویشناک صورتحال ہے، کیونکہ اس سے مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ بارش کے دوران سڑک پر پانی جمع ہونے سے پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا جبکہ کئی گاڑیوں کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔علاقہ مکینوں نے انتظامیہ اور متعلقہ محکموں پر نکاسی آب کے ناقص نظام کو لے کر ناراضگی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے لیکن مسئلے کے مستقل حل کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے جاتے۔ مقامی باشندوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نالوں کی صفائی، سیوریج لائنوں کی مرمت اور بہتر ڈرینج نظام قائم کیا جائے تاکہ آئندہ عوام کو اس طرح کی مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔شہریوں نے یہ بھی کہا کہ مون سون سیزن کے آغاز سے قبل انتظامیہ کو ضروری احتیاطی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ بارش کے دوران شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور گندگی پھیلنے جیسے مسائل سے بچا جا سکے۔ادھر شدید بارش کے باعث سب ڈویژن کے دیگر علاقوں میں بھی معمولاتِ زندگی متاثر رہے۔ کئی مقامات پر ٹریفک کی رفتار سست پڑ گئی جبکہ بازاروں میں بھی معمول کی چہل پہل کم دیکھی گئی۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام جلد از جلد مسئلے کا نوٹس لے کر مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے۔