عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شب برات آج نہایت عقیدت، احترام اور روحانی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس مقدس رات کے موقع پر مساجد، خانقاہوں، درگاہوں اور گھروں میں خصوصی عبادات، نوافل، تلاوتِ قرآن مجید، درود و اذکار اور اجتماعی دعاؤں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ وادی میں شب برات کی سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرتبل اور جامع مسجد سرینگر میں منعقد کی جارہی ہے جبکہ دیگر مساجد ، خانقاہوں، زیارتگاہوں اور آستانوں میں بھی رات بھر شب خوانی کا اہتمام کیا جائے گا جس دوران مسلمان درودوازکار ، ختمات المظمات اور ذکر کی محفلوں میں محو رہیں گے ۔اس ضمن میں سرکاری سطح پر بھی انتظامات کئے جارہے ہیں۔
علمائے کرام اور دینی رہنماؤں نے اس موقع پر شبِ برات کی فضیلت پر روشنی ڈا لیں گے ۔شبِ برات کے پیش نظر جا مع مسجدسرینگر درگاہ شریف، حضرت بل، چرار شریف کے علاوہ شمال وجنوب کی بیشتر مساجد میں شب خوانی کے ساتھ ساتھ خصوصی وعظ و نصیحت کے پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں، جن میں امتِ مسلمہ، کی سلامتی، امن و بھائی چارے اور مرحومین کی مغفرت کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔انتظامیہ اور مقامی سطح پر رضاکاروں کی جانب سے بھی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ مساجد اور زیارت گاہوں اور درگاہ تک آنے والے لوگوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ادھر انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اطلاع دی ہے کہ یہ مقدس تقریب روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ مرکزی جامع مسجد سرینگرمیں15 شعبان 1447 ہجری کی رات، بروز منگل 3 فروری منائی جائیگی۔بعد نماز مغرب، شام ساڑھے سات بجے میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق شبِ برات کی فضیلت و اہمیت پر روشنی ڈالیں گے، جس کے بعد اجتماعی طور پر توبہ و استغفار کی مجلس منعقد ہوگی۔نمازِ عشاء رات نوبجے ادا کی جائے گی۔درگاہ حضرتبل بل، جناب صاحب صورہ، آثار شریف پنجورہ شوپیاں، آستان عالیہ خانقاہ معلی سرینگر، آستان عالیہ سید صاحب سونہ وار، آستان عالیہ دستگیر صاحب خانیار، آستان عالیہ دستگیر صاحب امیراکدل کے علاوہ دیگر اہم عبادتگاہوں اور تمام ضلع ہیڈ کوارٹروں کی جامع مساجد میں بھی شب برات کے سلسلے میں شب خوانی ہوگی اور ذکر و ازکار ، درودوسلام ، خطمات المعظمات کی محفلیں آراستیں ہوں گی ۔سالورہ گاندربل میں واقع زیارت سعید قمرالدین بخاری ؒ سے منسلک جامع مسجدمیںاس بابرکات شب برات کے موقع پرمعروف اسلامی سکالر عبدالمجید قادری شب خوانی کی قیادت کرتے ہوئے شب برات کی فضیلت اور اہمیت پر خطبہ دیں گے۔نماز عشاء رات ساڑھے10 بجے ادا کی جائے گی جس کے بعد ذکر اذکارِ کی محفلیں آراستہ کی جائے گی۔