عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//محسن کشمیر امیر کبیر حضرت میر سید علی ہمدانیؒ (شاہ ہمدان ) کا سالانہ عرس مبار ک وادی بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔ مرکزی تقریب خانقاہِ معلی سرینگر میں منعقد ہوئی جہاں را ت بھر زائرین نے شب خوانی کی ۔ زائرین نے فاتحہ خوانی کی، قرآن پاک کی تلاوت کی جبکہ علما و مشائخ نے حضرت شاہ ہمدانؒ کی دینی، روحانی، سماجی اور علمی خدمات کو تفصیل سے اجاگر کیا۔اس دوران علمائے کرام نے کہا کہ حضرت شاہ ہمدانؒ نے کشمیر میں اسلام کی اشاعت، اخوت، بھائی چارے، علم و عرفان اور روحانیت کے فروغ میں تاریخی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ شاہ ہمدانؒ نے نہ صرف اسلامی تعلیمات کو عام کیا بلکہ کشمیری معاشرے کو تہذیب، تمدن، صنعت و حرفت اور اخلاقی اقدار سے بھی روشناس کرایا۔ مقررین نے کہا کہ حضرت شاہ ہمدان کی تعلیمات آج بھی انسانیت کیلئے مشعلِ راہ ہیں اور نوجوان نسل کو ان کے افکار سے رہنمائی حاصل کرنی چاہئے۔عرس مبارک کے سلسلے میں خانقاہِ معلی کو سجایا گیا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے زائرین کیلئے خصوصی انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔وادی بھر میں مختلف خانقاہوں، مساجد اور درگاہوں میں خصوصی تقریبات، مجالسِ، ذکر و اذکار، ختمات المعظمات اور دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کیا گیا تھا۔