سرنکوٹ // دھندک کالی ماتا مندرکے نزدیک جموں پونچھ شاہراہ کو زمین کھسکنے سے نقصان پہنچاہے جبکہ مقامی لوگ بھی اس نقصان سے دوچار ہوسکتے ہیں۔زمین کھسک جانے سے گزشتہ روز ایک ٹرک بھی حادثے کاشکار ہواتھا۔مقامی نوجوان واجد علی خان نے بتایا کہ سڑک کا کچھ حصہ پسی کی وجہ سے متاثر ہواہے اور ملبہ اس پر صاف نظر آرہاہے۔انہوں نے کہاکہ اب انہیں خدشہ ہے کہ یہ ملبہ ان کے گھروں کو نقصان پہنچائے گا اوراگر ایسا ہواتو وہ انہیں سخت پریشانی کاسامناکرناپڑے گا۔ان کاکہناہے کہ دو ماہ قبل سڑک کی کشادگی کی گئی لیکن حکام کی طرف سے ملبہ کو روکنے کیلئے حفاظتی باندھ نہیں بنایاگیا اور اسی کانتیجہ ہے کہ اوپر سے سارا ملبہ سڑک پر گر پڑاہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ انہیں نقصان سے بچایاجائے اور اس سلسلے میں فوری طور پر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ گھروں اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہے اس لئے فوری طور پر کوششیں کی جائیں۔