سرینگر//سرینگر کے مضافاتی علاقہ شالہ ٹینگ میں موجود بغدادی ریستوراں میں بدھ کو آگ نمودار ہوئی جس کی لپیٹ میں تین منزلہ عمارت تباہ ہوگئی جبکہ آگ بجھانے کے دوران تین افراد بھی زخمی ہوگئے۔عمارت میں ریستوران اور بیکری کی دوکان موجود تھی۔اس موقع پر محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اطلاع دی گئی اور نصف درجن فائر ٹینڈر جائے واردات پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کوشش میں لگ گئے تاہم اس موقع پر عمارت میں موجود لگ بھگ ایک درجن کے قریب گیس سلنڈر وقفہ وقفہ سے پھٹنا شروع ہوگئے جس کے نتیجے میں آگ کے شعلوں کو قابو کرنے میں کافی مشکلات پیش آئے۔ اس واردات میں تین افراد زخمی ہوگئے۔