تھنہ منڈی// اتوار کے روز تھنہ منڈی کے ہسپلوٹ علاقے میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے دو منزلہ عمارت خاکستر ہوگئی ہے جسکی وجہ سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے جبکہ مقامی لوگوں نے بر ہمی کا اظہار کرتے ہوئے فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز کے خلاف نعرہ بازی کی۔تفصیلات کے مطابق پنچائت ہسپلوٹ کے وارڈ نمبر 2 کے رھائشی عبدالکبیر ولد عبدالغنی کے دو منزلہ رھائشی مکان میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی جبکہ اس وقت مالک مکان گھر پر موجود نہ تھا۔جب آگ کے شعلے اور دھواں اٹھنے لگا تو اس وقت پڑوسی اور رشتہ دار موقع پر پہنچے۔ مقامی لوگوں نے قریب سے گزر رہی محکمہ پی ایچ ای کی پائپ کو توڑا گیا جس سے لوگوں نے پانی اکٹھا کر کے آگ بجھانے کی کوشش کی مگر کوشش کے باوجود اس گھر میں موجودبستر، برتن، فرنیچر اور دو بھائیوں کے جہیز کاسارا سامان حتا کہ بدن پرپہننے والے پورے کنبے کے گرم کپڑے بھی آگ کے شعلوں کی نذر ہوگئے۔مقامی لوگوں نے فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز محکمہ کے خلاف جم کر نعرہ بازی کی۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز کی وین کے بروقت نہ پہنچنے سے املاک کا نقصان ہو۔ انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ کی لاپرواہی سے اس علاقے میں لوگوں کی املاک کا نقصان ہورہا ہے۔ مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عبدالکبیر ولد عبدالغنی کے نقصان کی بھر پائی کیلئے انتظامیہ مالی تعاون دے۔