عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں حکام نے جمعہ کو “سیکورٹی خدشات” کی وجہ سے کوکرناگ کے اونچائی والے اور جنگلاتی علاقوں میں ٹریکنگ، پیدل سفر، کیمپنگ اور اسی طرح کی دیگر بیرونی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی۔یہ فیصلہ پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے کوکرناگ سب ڈویژن کے دائرہ اختیار میں آنے والے بعض اونچائیوں اور جنگلاتی علاقوں میں بڑھتے ہوئے خطرات کے بارے میں موصول ہونے والی اطلاعات کے بعد کیا گیا ہے۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے، حالیہ واقعات میں، کچھ لوگوں نے دیر رات کے اوقات میں پولیس چوکیوں کو عبور کرنے کی کوشش کی، جس سے عوام کی حفاظت کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا ہوئے۔ آرڈر میں کہا گیا کہ ان علاقوں میں افراد کی غیر محدود نقل و حرکت “عوامی تحفظ اور سلامتی کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے”۔”لہٰذا، بھارتی شہری تحفظ سنہتا (BNSS) 2023 کی دفعہ 163 کے تحت اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے، مارگن ٹاپ، چوہر ناگ اور سنتھن کے علاقوں میں ٹریکنگ، کیمپنگ، ہائیکنگ اور اسی طرح کی بیرونی سرگرمیاں فوری طور پر ممنوع ہیں،” ۔آرڈر میں کہا گیا ہے کہ یہ حکم جاری ہونے کی تاریخ سے دو ماہ تک نافذ رہے گا، جب تک کہ قانون کے مطابق پہلے واپس نہ لیا جائے یا اس میں توسیع نہ کی جائے۔